ہر مسئلے کا جواب دینا ضروری نہیں!

امام صاحب! ایک بات ہمیشہ یاد رکھیے، مسجد کی محراب پر کھڑے ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو ہر دینی مسئلے کا جواب دینا ہی ہوگا۔ اگر کسی مسئلے کا علم نہیں تو صاف کہہ دیجیے کہ مجھے معلوم نہیں، کسی مستند عالم سے دریافت کرلیجیے۔
افسوس اس وقت ہوتا ہے جب بعض کم علم حضرات اپنی عزت بچانے کے لیے ہر سوال کا جواب خود سے گھڑ لیتے ہیں۔ کوئی وضو کے بارے میں پوچھے تو اپنی طرف سے مسئلہ بیان کردیا، کوئی نماز کے بارے میں پوچھے تو بغیر تحقیق فتویٰ دے دیا، اور کوئی نکاح و طلاق کا مسئلہ لے کر آگیا تو وہاں بھی اپنی رائے کو شرعی حکم بنا کر پیش کردیا۔
حضرت! دین میں اندازے سے مسائل بیان نہیں کیے جاتے۔ کسی کے نکاح، طلاق، عبادت یا حلال و حرام کا معاملہ ہے۔ آپ کا غلط جواب کسی کی زندگی اور آخرت کے معاملے کو متاثر کرسکتا ہے۔
امام صاحب! ہر سوال کا جواب دینا آپ کی ذمہ داری نہیں، لیکن صحیح جواب تلاش کرنے کی کوشش کرنا آپ کی ذمہ داری ضرور ہے۔ مسئلہ معلوم نہ ہو تو کسی مستند مفتی یا عالم سے رجوع کیجیے۔ اس میں آپ کی توہین نہیں، بلکہ علمی دیانت ہے۔
اور مسجد کی کمیٹی والوں سے بھی گزارش ہے کہ امام سے ہر مسئلے کا ماہر ہونے کی توقع نہ رکھیں، بلکہ اس کی علمی استعداد کے مطابق ذمہ داریاں دیں اور ضرورت کے وقت مستند علماء سے رابطے کا انتظام کریں۔
یاد رکھیے! ’’مجھے معلوم نہیں‘‘ کہنا بہتر ہے، اس سے کہ انسان لاعلمی میں دین کا غلط مسئلہ بیان کردے۔
امامت عزت کا منصب ہے، مگر اس عزت کی حفاظت علم، تقویٰ اور دیانت سے ہوتی ہے، ہر سوال کا بے تحقیق جواب دینے سے نہیں۔

📝 مجتبیٰ رضا رضوی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Cart